بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر شیوسینا کا حملہ افسوسناک ہے، آئی سی سی

انٹر نینشنل کرکٹ کونسل نے ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے کرکٹ کے لئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ شیو سینا کی جانب سے ممبئی میں بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ افسوسناک ہے، شیو سینا کے بی سی سی آئی کے دفتر پر حملے سے کرکٹ کو نقصان پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والےممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے کھیل کو فروغ دینا چاہیئے۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نجم سیٹھی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے لئے ممبئی پہنچے تو ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے بلوائیوں نے بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ کردیا۔

شیو سینا کے غنڈوں نے چند روز قبل پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری کی کتاب کی بھارت میں تقریب رونمائی کو بھی تہس نہس کرنے کیلئے تقریب کے منتظم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جب کہ پاکستانی گلوکار استاد غلام علی کے کنسرٹ کو بھی منسوخ کرادیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.