بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کرے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ كے دوران كہا كہ بھارت كے ریاستی عناصر پاكستان كے خلاف سرگرم ہیں اور یہ سلسلہ بند ہونا چاہیئے جب کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشیں كرنا ترك كردے کیونکہ ہمارے پاس پاكستان میں بھارت مداخلت كے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور پاكستان میں بھارتی مداخلت كے بارے میں تین ’’ڈوزیئرز‘‘ اقوام متحدہ كے حوالے كردیئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاكستان كو بھارتی انتہا پسند عناصر كی جانب سے سابق وزیرخارجہ خورشید قصوری كی كتاب كی تقریب رونمائی كو روكنے كی كوششوں اور اسی طرح پاكستانی گلوكار غلام علی كو دی جانے والی دھمكیوں  پرتشویش ہے۔ قاضی خلیل اللہ کا کشمیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ كشمیری عوام كو عرصہ دراز سے بھارتی ریاستی جبر كا سامنا ہے، ہم پہلے بھی كئی بار كہہ چكے ہیں كہ پاك بھارت مذاكراتی ایجنڈے میں  كشمیر كا مسئلہ سرفہرست ہوگا جب كہ وزیراعظم پاكستان نے حریت رہنما سید علی گیلانی كو پاكستان كا دورہ كرنے كی دعوت دی ہے تاكہ ان كے ساتھ مقبوضہ كشمیر كی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال كیا جاسكے۔

تبصرے بند ہیں.