بھارت میں میچ فکسنگ کا ناسور ڈومیسٹک لیگ تک پھیل گیا

نئی دہلی: میچ فکسنگ کا ناسور بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ لیگ تک پھیل گیا، سینئرز سے متاثر ہوکرجونیئرز بھی غلط کام کرنے لگے،’ فکسڈ میچ ‘ سے ممبئی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ہونے والے معروف ٹورنامنٹ کنگا لیگ کی ساکھ دائو پر لگ گئی۔

ڈویژن ’ اے ‘ میں 2 ٹیموں نے لوئر ڈویژن میں تنزلی سے بچنے کیلیے ’فکسڈ میچ‘ کھیلا، ایم سی اے کے سیکریٹری جیا شیٹی نے کرناٹکا اسپورٹنگ ایسوسی ایشن اور سیانتھ اسپورٹس کلب کو خط ارسال کردیے،انھوں نے مسلم یونائیٹڈ اور اپولو کے درمیان منعقدہ میچ کو ٹورنامنٹ کیلیے بدنامی کا سبب قرار دیا، اپولو کلب کے منیجرسلاکشن کلکرنی کی جانب سے میچ میں صرف 8 پلیئرز کو میدان میں اتارنا بھی تنازع کا سبب بنا، یہ میچ 8 نومبر کو مکمل ہوا۔

جس میں مسلم یونائیٹڈ نے 288 رنز بنائے، اپولوکی ٹیم پہلی باری میں 88 رنز پر ڈھیر ہوئی جب کہ دوسری کاوش میں وہ 86 تک محدود رہی، مسلم یونائیٹڈ نے مقابلہ اننگز سے جیت کر اہم پوائنٹس حاصل کیے، اس کی وجہ سے وہ ’ بی ‘ ڈویژن میں تنزلی سے بچ گئی، اپولو نے پہلے ہی فرسٹ ڈویژن میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی تھی، یہ معاملہ اب کنگا لیگ کمیٹی اور مینجنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوگا جو اس پر آئندہ کی کارروائی کا فیصلہ کرے گی، دوسری جانب ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری اور اپولو ٹیم کے منیجر سلاکشن کلکرنی نے الزامات کو مستردکردیا۔

تبصرے بند ہیں.