بھارتی وزیر خارجہ کی سرتاج عزیز سے 13 ستمبر کو ملاقات طے پاگئی، بھارتی اخبار

کراچی: بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کی کرغیزستان میں 13 ستمبر کو ملاقات طے پاگئی ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق پاکستان نے بھارت میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے ملاقات کی درخواست کی جسے بھارت نے قبول کر لیا، طے پانے والے شیڈول کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سے 13 ستمبر کو کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کےاجلاس کےموقع پر ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی نیو یارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں ملاقات کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اخبار کا کہنا ہے کہ سرتاج عزیز اور خورشید شاہ کے درمیان ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور دونوں وزرائے خارجہ فائر بندی کے معاہدے پر پابندی کے حوالے سے بھی گفتگو کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف اپنے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ سے نیو یارک میں رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.