بگٹی قتل کیس، مشرف کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب بگٹی مقدمہ قتل کی سماعت میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ کوئٹہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت 1 کے جج اسماعیل بلوچ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر تفتیشی ٹیم پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے ایک بار پھر پروٹیکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے انہیں دس ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے نواب بگٹی مقدمہ قتل میں نامزد ملزمان سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کے دوبارہ وارنٹ جاری کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم کو ہدایت جاری کی کہ مذکورہ ملزمان کو دس ستمبر تک ہر صورت میں عدالت میں پیش کیا جائے۔ مقدمے کے سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

تبصرے بند ہیں.