بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں جولائی تاستمبر3.88 فیصداضافہ

کراچی: پاکستان میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کے دوران آٹوموبائل اور کھاد سیکٹر کی بہترین کارکردگی کے باعث بڑی صنعتوں کی پیداوار سال بہ سال 3.88 فیصد بڑھ گئی جبکہ ستمبر 2015میں ایل ایس ایم گروتھ میں ستمبر 2014 کے مقابلے میں 2.23 فیصد کا اضافہ اور اگست 2015 کے مقابلے میں0.93 فیصد کمی ہوئی۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 0.78 فیصد، خوراک ومشروبات3.40 فیصد، کوک اینڈ پٹرولیم4.46 فیصد، فارما سیوٹیکلز6.82 فیصد، کیمیکلز 12.77 فیصد، غیردھاتی معدنی پیداوار4.55 فیصد، آٹوموبائلز 31.31 فیصد، کھاد15.10 فیصداور ربر پروڈکٹس کی پیداوار میں 8.27 فیصد کا اضافہ ہوا ۔

تاہم آئرن واسٹیل سیکٹر کی پیداوار میں 5.32 فیصد، الیکٹرونکس 3.85 فیصد، چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 1.02 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ 20.10 فیصد، انجینئرنگ پروڈکٹس 11.57 فیصد اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 10.74 فیصد کمی ہوئی۔ پی بی ایس کے مطابق ستمبر میں ٹیکسٹائل، خوراک ومشروبات، پٹرولیم، فارماسیوٹیکلز، کیمیکلز، آٹوموبائلز، کھاد، ربرپروڈکٹس، انجینئرنگ اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ جبکہ آئرن واسٹیل، الیکٹرونکس، چمڑے کی مصنوعات، پیپر اینڈ بورڈ اور غیر دھاتی معدنی پیداوار میں کمی ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.