برطانوی وزیر سعیدہ وارثی کی غلاف کعبہ کی تیاری کے عمل میں شرکت

پاکستانی نژاد برطانوی وزیر سعیدہ وارثی نے غلافِ کعبہ (کسوہ) کی تیاری کے عمل میں شرکت کی اور ریشمی کپڑے سے تیار کیے جانے والے غلاف پر کشیدہ کاری کی کوشش کی۔

مکہ معظمہ: (آن لائن) بیرونس سعیدہ وارثی برطانوی دفتر خارجہ کی سینئر وزیر مملکت ہیں اور عقیدے اور کمیونیٹیز کے امور کی وزیر ہیں۔ وہ عمرہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انھیں کسوہ فیکٹری کے دورے کے موقع پر کعبہ اللہ کے غلاف کی تیاری کے عمل کی تاریخ اور اس میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ سعیدہ وارثی نے بعد میں ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ انھیں حج 2014ء کے لیے غلافِ کعبہ کی تیاری کے عمل میں شرکت کا سنہری موقع ملا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ وہ عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بات نوٹ کی ہے کہ مکہ معظمہ میں برطانوی فرموں کے لیے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ انھیں برطانوی فرم پی بی ورلڈ کو مکہ کے انفرااسٹرکچر پروگرام کی معاونت کے لیے بڑا ٹھیکہ حاصل کرنے پر بڑی خوشی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کی انجینیرنگ کنسلٹینسی فرم پارسنز برنکرہوف کو گزشتہ سال مکہ کے نئے پبلک ٹرانسپورٹ پروگرام کا ٹھیکا ملا تھا۔ اس منصوبے کے تحت مکہ میں ایک بڑے بس نیٹ ورک کے لیے نئی میٹرو لائن تعمیر کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.