برطانوی ایتھلیٹ محمد فرح زخمی ، کامن ویلتھ گیمز سے آوٹ

اولمپکس میں دو زمروں میں سونے کا تمغہ لینے والے برطانوی ایتھلیٹ محمد فرح زخمی ہونے کے باعث دولتِ مشترکہ کھیلوں سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ وہ گلاسگو میں ہونے والی ڈائمنڈ لیگ میں بھی بیماری کے باعث شریک نہ ہوسکے تھے۔

لندن (ویب ڈیسک) برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اکتیس سالہ عالمی چیمپیئن محمد فرح کو برطانیہ میں موفرح کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انھوں نے دو سال قبل لندن میں ہونے والے اولمپکس میں پانچ اور دس ہزار میٹر کی دوڑوں میں سونے کے تمغے حاصل کیے تھے۔ فرح گلاسگو میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں انھی دونوں زمروں میں دوڑنے والے تھے۔ تاہم وہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور اب وہ ٹریننگ کیمپ میں رہ کر اگست کے مہینے میں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی یورپین چیمپیئن شپ کی تیاری کریں گے۔ موفرح کے مطابق کھیلوں میں حصہ نہ لینا ان کے لیے بہت مشکل فیصلہ تھا اور دو ہفتے قبل ہونے والی بیماری ان کے لیے بہت بڑا دھچکا ثابت ہوئی ہے۔ اس نے کہا کہ میری ٹریننگ میں فرق آیا ہے ، تاہم مجھے فٹنس کے اس مقام پر پہنچنے کے لیے مزید دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے جس مقام پر میں 2012 اور 2013 میں تھا۔ –

تبصرے بند ہیں.