برازیل نے اٹلی کو 4-2 سے مات دے دی

سیلواڈور / بیلو ہوریزونٹی / برازیل: کنفیڈریشنز کپ میں برازیل نے اٹلی کو 4-2 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں اسپین سے ٹاکرے کا خطرہ ٹال دیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں دونوں یورپی ممالک مدمقابل آئیں گے، برازیل کی ٹیم بدھ کو ممکنہ طور پر یوروگوئے کا سامنا کریگی، گروپ ’ اے ‘ کے دوسرے غیر اہم میچ میں میکسیکو نے جاپان کو 2-1 سے ہرادیا، ایشین چیمپئن سائیڈ خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور ہوگئی، جاپان کو اس سے قبل برازیل اور اٹلی نے بھی مات دی تھی البتہ میکسیکو نے اولین فتح اپنے نام کی۔تفصیلات کے مطابق اٹلی کیخلاف برازیل نے کھیل کا آغاز تیزرفتاری سے کیا، ابتدا پر ہی اوسکر کی فلک سے گیند نیمار تک پہنچی لیکن ان کی لگائی ہوئی کک گول پوسٹ سے خاصی دور سے باہر چلی گئی، اس کے بعد نیمار کو اٹالین فل بیک اگنازیو ایبیٹ سے الجھنے پر یلوکارڈ بھی دکھایاگیا، ایبیٹ کو ممکنہ طور پر کندھا اترجانے کے پیش نظر میدان سے باہر جانا پڑگیا ان کی جگہ کرسٹیان میگیو کو صلاحیت کے اظہار کا موقع دیاگیا۔ کھیل کے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں نیمار کی دائیں جانب سے لگائی گئی فری کک پر فریڈ تیار تھے لیکن اطالوی گول کیپر بفن کے ارادے بھانپنے کے بعد ڈینٹے نے آگے بڑھ کر مشن کا انجام دے ڈالا،کھیل دوبارہ شروع ہونے کے چھ منٹ بعد اطالوی ٹیم نے جوابی حملہ کیا، ماریو بالوٹیلی نے بیک ہیل کے ذریعے گیند ایمانیول گیاچینری تک پہنچائی، جنھوں نے گول پوسٹ کے دائیں جانب سے گیند کو جال میں دھکیل دیا، اٹلی کو اس مقابلے میں اپنے انجرڈ پلیئر آندریا پرلو کی یاد ستائی، برازیل کی جانب سے کھیل کے 55ویں منٹ میں نیمار نے فری کک کے ذریعے تین گیمز میں اپنا تیسرا گول داغ دیا، جس کے بعد انھوں نے سامبا انداز میں ٹھمکے لگاکر میزبان شائقین کے جوش کو بھی بڑھایا، 66 منٹ کے کھیل کے بعد برازیل کو 2006 کے ورلڈ چیمپئن اٹلی پر 3-1 کی سبقت حاصل ہوگئی، مارسیلو کے بڑے پاس پر گیند فریڈ کو ملی اور انھوں نے اپنے بائیں پاؤں سے اطالوی گول کیپر بفن کو ڈاج دیکر گیند جال میں ڈال دی۔جیورجیو چیلینی نے 71ویں منٹ میں مقابلہ 3-2 کرکے اٹلی ٹیم کی امیدیں بڑھائیں، باکس میں برازیلین دفاعی پلیئرز نے بالوٹیلی کوگھیرے رکھا ، اس موقع پر برازیلین کھلاڑیوں کو ریفری سے اصرار تھا کہ باکس میں ان کے پلیئرز کا فاؤل پہلے ہوگیا تھا لیکن اس کے باوجود اطالوی پلیئر نے گیند کو جال میں پہنچادیا، کھیل کے اختتامی منٹ میں مارسیلو کے زوردار شوٹ کو روکنے والے اطالوی گول کیپر بفن گیند قابو نہیں کرپائے اور دوسرا چانس ملنے پر فریڈ نے اسے جال میں پہنچاکر مقابلے کا نتیجہ 4-2 بنادیا۔26 جون کو پہلے سیمی فائنل میں گروپ ’ اے ‘ کی ٹاپ ٹیم برازیل کا سامنا گروپ ’بی‘ کی رنر اپ سے ہوگا، جبکہ اطالوی ٹیم 27 جون کو دوسرے سیمی فائنل میں گروپ ’بی‘ کی نمبرون ٹیم اسپین کا سامنا کرے گی، دوسرے گروپ سے ٹیموں کی حتمی پوزیشنز کا تعین اتوار کی شب شیڈول اختتامی لیگ میچز سے ہوگا، اسپین کی ٹیم دونوں میچز11 گول کے واضح فرق سے پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ اسپین نے دو میچز میں 12گول بنائے جبکہ ایک گول ان کیخلاف بنا ، دوسری پوزیشن کیلیے نائیجیریا اور یوروگوئے میں مسابقت ہے، نائیجیریا کی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ اسپین کیخلاف کھیلے گی جبکہ یوروگوئے کو فائنل فور میں پہنچنے کیلیے تاھیتی جیسی آسان ٹیم کیخلاف بڑے مارجن سے فتح درکار ہوگی، اٹلی کیخلاف فتح پر برازیلین کوچ فلپ اسکولیری نے کہا کہ ہم نے اٹلی کی مضبوط ٹیم کو شکست دیکر ثابت کردیا ہے کہ ہم درست سمت میں گامزن ہیں، اگرچہ ہمیں ابھی کچھ چیزوں میں بہتری درکار ہے، دوسری جانب بیلو ہوریزونٹی میں میکسیکو نے جاپان کو 2-1 سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کیلیے دونوں گول مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی کھیلنے والے اسٹرائیکر زیویئر ہرنانڈز نے بنائے، ایشین چیمپئن جاپان ایونٹ میں کوئی فتح حاصل نہیں کرسکی، میکسیکو نے اولین کامیابی اپنے نام کی، ہرنانڈز نے کھیل کا پہلا گول 54ویں منٹ میں بنایا، 12 منٹ بعد ہرنانڈز نے مقابلہ 2-0 کردیا، کھیل کے 86 ویں منٹ میں اوکازاکی نے جاپان کا واحد گول بنایا۔

تبصرے بند ہیں.