بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام مشتعل، مختلف شہروں میں احتجاج، توڑ پھو

بجلی، بجلی کی دہائی ملک بھر میں سنائی دے رہی ہے۔ لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر احتجاج کرکے دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔ ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، کبیر والہ سمیت ہر جگہ ”بجلی دو” کی صدا سنائی دیتی رہی۔

لاہور/ملتان/ ڈیرہ اسماعیل خان: () لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ کا غصہ لوگوں نے توڑ پھوڑ کرکے نکال دیا۔ باٹا پور کے گاؤں منہالہ اور قریبی آبادیوں کے لوگ ڈنڈے اٹھا کر جی ٹی روڈ پر آ گئے۔ سیکڑوں مظاہرین نے ڈنڈے کے زور پر سڑک بند کر دی اور وہاں سے گزرنی والی گاڑیوں پر پل پڑے۔ ایک کے بعد دوسری گاڑی کے شیشے چکنا چور ہوتے رہے۔ عوام کے غصے کا نشانہ خود عوام ہی بنے۔ مظاہرین نے کئی گھنٹے تک ٹائر جلا کر جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا اور دکانیں بھی زبردستی بند کرا دیں۔ مشتعل مظاہرین کے سامنے پولیس اہلکار بھی بے بس نظر آئے اور خاموش تماشائی بنے رہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ نے زندگی عذاب کر دی ہے۔ مظاہرین نے باٹا پور سب ڈویژن میں گھس کر بھی توڑ پھوڑ کی۔ ملازمین کو پھینٹی لگائی اور دفاتر میں موجود فرنیچر بھی توڑ ڈالا۔ مظاہرین کے بگڑے تیور دیکھ کر لیسکو حکام بھی ہوش میں آئے اور دو گھنٹے کے مذاکرات کے بعد بجلی بحالی کی یقین دہانی کرا دی۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا وعدہ لے کر مظاہرین منتشر ہو گئے اور سخت گرمی میں ٹریفک میں پھنسے شہریوں کی جان چھوٹی۔ دوسری جانب ملتان میں لوڈشیڈنگ کے ستائے روزہ داروں نے بھی بھرپور احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی۔ مظاہرین نے بجلی کے بل جلا کر اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بلال آباد میں بجلی بندش سے تنگ آ کر بچے اور برقع پوش خواتین بھی سڑکوں پہ نکل آئیں اور ٹائر جلا کے یونیورسٹی روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا حکام نے دو ماہ سے خراب ٹرانسفارمر ٹھیک نہیں کیا۔ کبیر والا میں بھی لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے نیشنل ہائی وے بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ملتان سے لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والے راستے بند ہو گئے۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے مرکزی شاہراہ تین گھنٹے تک بند کئے رکھی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی بندش اور کم وولٹیج کے باعث پانی کی قلت ہو گئی ہے۔ روزے دار سحری اور افطاری میں بھی لوڈشیڈنگ پر انتظامیہ کو بدعائیں دیتے رہے۔ –

تبصرے بند ہیں.