اسلام آباد: ایف بی آر نے وزارت خزانہ کو آئندہ بجٹ میں مختلف سیکٹرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ سات جون کو پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آئندہ بجٹ میں کمرشل امپورٹس پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح پانچ سے بڑھا کر چھ فیصد کرنے ،،، ساتھ ہی برآمدی شعبے پر ود ہولڈنگ ٹیکس ایک فیصد سے بڑھا کر ڈیڑھ فیصد، نان کارپوریٹ ایکسپورٹرز پر ایک فیصد کے بجائے دو فیصد کرنے، اور کارپوریٹ سیکٹر کے کیش نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس اعشاریہ دو فیصد سے بڑھا کر اعشاریہ تین فیصد اور نان کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے رقوم نکلوانے پر اعشاریہ چار فیصد تک ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ دوسری جانب برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ایک بار پھر ٹیکس نیٹ بڑھانے کے بجائے پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل سیکٹرز پر بوجھ بڑھا رہا ہے۔ ٹیکسوں کے حوالے سے اقدام ملکی معیشت پربراہ راست اثر انداز ہونگے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی کارروائیوں ، ابتر امن و امان کی صورتحال ، اور توانائی کے بحران کی وجہ سے کاروباری لاگت خطے میں سب سے زیادہ ہے۔ جس کی وجہ سے مقامی صنعتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں مسابقت کھو رہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.