بارش کے پہلے قطرے کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھ گیا، شہریوں کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج

کراچی میں رات گئے بارش کے پڑنے والے چند چھینٹوں سے کے الیکٹرک کا نظام ایک بار پھر بیٹھ گیا ، درجنوں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ، لوگوں نے ٹائر جلا کر ابولاصفہانی روڈ بند کر دیا۔

بارش سے ترسے اہلیان کراچی پر ابر کرم مہربان ہوا ، چند چھینٹے کیا پڑے ، شہر کی رونقیں ایک بار پھر کے الیکٹرک کی بد انتظامی کی بھینٹ چڑھ گئیں ۔ درجنوں فیڈر ٹرپ ہونے کے باعث لانڈھی ، کورنگی ، گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا ، نارتھ ناظم آباد ، ملیر ، بلدیہ ، اولڈ سٹی ایریا اور سچل کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
روز روز بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیلنے والے شہریوں کا کہنا ہے بارش سے موسم اچھا ہو جائے تو کے الیکٹرک رنگ میں بھنگ ڈال دیتی ہے۔
کراچی کی جدید آبادیوں سے لے کر کم سہولتوں والے علاقوں میں بجلی تاحال معطل ہے ، متاثرہ علاقوں مکینوں کا کہنا ہے کے الیکٹرک کے وعدے صرف دعووں کی حد تک محدود ہیں۔
بجلی کی بندش کے ستائے لوگوں نے ٹائر جلا کر ابولاصفہانی روڈ بلاک کر دی اور کے الیکٹرک کے خلاف نعرے لگائے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بیشتر متاثرہ فیڈرز بحال کر دیئے گئے ہیں ، جلد تمام علاقے بحال کر دیئے جائیں گے۔

 

تبصرے بند ہیں.