ایل این جی کی درآمدکو ڈیڑھ برس میں کامیاب بنایا،شاہدخاقان

اسلام آباد ……وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی پی پی کی حکومت 5 سال ایل این جی کی درآمد میں ناکام رہی ،موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال میں اسے کامیاب بنایا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے نفیسہ شاہ کی طرف اشارہ کرتے کہا کہ تعلیم نے ان کا کچھ نہیں بگاڑا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی کی قیمت پر قطر کے ساتھ بات چیت جاری ہے، 31 مارچ کو درآمد شروع کردی جائیگی ۔ایل این جی کی درآمد سے 30 کروڑ ڈالر زکی سالانہ بچت کے ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی 10 فیصدکمی ہوگی ۔ پیپلز پارٹی اورا یم کیو ایم کےارکان نے ایل این جی کی قیمت بتانے پر اصرار کیا تووفاقی وزیر نے کہا قیمت ابھی طے نہیں ہوئی ۔پیپلز پارٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے نکتہ اعتراض پر بولنے کی اجازت نہ ملنے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پر سخت تنقید کی تواسپیکر نےا ن کا مائیک بند کر دیا اور سید نوید قمر سے کہا کہ وہ متعلقہ رکن کو ایوان کے آداب سمجھائیں۔اسی دوران وفاقی و زیر خواجہ آصف نے نفیسہ شاہ کی طرف اشارہ کرتے کہا کہ بہت زیادہ تعلیم اعلی ظرفی سکھاتی ہے لیکن تعلیم نے معزز رکن کا کچھ نہیں بگاڑا۔قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اپوزیشن کی مشاورت کے بغیر قواعدمعطل کرنے پر اعتراض کیا تواس پر وزیر مملکت آفتاب شیخ نے معذرت کی۔

تبصرے بند ہیں.