ایف آئی ایچ کو بنگلہ دیشی ہاکی معاملات پر تشویش

ڈھاکا: ایف آئی ایچ نے بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر تشویش کا اظہار کردیا، ملک میں کھیل کے معاملات پر غیریقینی طاری ہے۔ نئی کمیٹی بھی تشکیل نہ پا سکی جبکہ مولانا بھاشانی اسٹیڈیم میں نئی ٹرف کا کام بھی جمود کا شکار ہے، ہاکی کی عالمی تنظیم کے صدر لیونارڈو نیگرے نے رواں برس فروری میں دورۂ ڈھاکا کے دوران وہاں مصنوعی ٹرف بچھانے کیلیے 2.5 لاکھ ڈالر کا بجٹ مختص کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس میں سے 1.5 لاکھ ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں، تکمیل کیلیے باقی75 ہزار ڈالر بنگلہ دیش کو ملنا باقی ہیں، موجودہ غیریقینی کی صورتحال میں اس فنڈ کے استعمال پر بھی شکوک چھائے ہوئے ہیں، بنگلہ دیش کیلیے ایف آئی ایچ کے ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ طیب اکرام کا کہنا ہے کہ اگر ملکی ہاکی کے حالات نارمل نہیں ہوتے تو مالی مدد نہیں مل پائے گی۔اسے کسی ترقی پذیر افریقی ملک کو منتقل کردیا جائے گا، دوسری جانب بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن پُراعتماد ہے کہ ایف آئی ایچ ٹرف کیلیے مختص رقم دینے کے وعدے سے دستبردار نہیں ہوگی، صدارتی ترجمان ونگ کمانڈر رفیق الحق نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ بحرانی صورتحال ختم ہونے کے بعد ٹرف کے معاملے کی بھی انکوائری ہو گی، ہم نے طیب اکرام سے کہا ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ بحران ختم ہونے پر بی ایچ ایف کے صدر ایئرمارشل انعام الباری اس معاملے کو حل کرنے کیلیے ضروری اقدامات کریں گے، ہماری جانب سے یاد دہائی کے بعد طیب اکرام نے کہاکہ وہ مصنوعی ٹرف کیلیے ضروری کام شروع کردیں گے،اگر بھاشانی اسٹیڈیم میں نئی ٹرف بچھا دی گئی تو اس سے نکالی جانے والی پرانی ٹرف ضلع کے کسی اور میدان میں نصب کردی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.