ایران کو گندم برآمد کرنے کی منظوری

اسلام آباد: نگران وفاقی کابینہ نے ایران کو گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم میرہزارخان کھوسو کہتے ہیں آئین کے مطابق اقتدارجلد جمہوری حکومت کو منتقل کردیا جائے گا۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کی زیر صدارت ہوا،جس میں امن و امان کی صورتحال اور انتقال اقتدار کے امور پر غور کیا گیا، کابینہ نے ایران کو ایک لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے اور مالدیپ سے دوطرفہ تعاون کے سمجھوتے کی منظوری دیدی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم میرہزارخان کھوسوکا کہنا تھا کہ وقت پر انتخابات کا انعقاد عوام اور جمہوریت کی فتح ہے۔عوام نے عام انتخابات میں بے خوف شرکت سے ثابت کیا کہ وہ اجتماعی بہتری کے جذبے سے ملک میں عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کو شکست دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اب جمہوری عمل کا دوسرا دور آئین اور عوامی خواہشات کے مطابق نئی منتخب حکومت کو انتقالِ اقتدار ہے جو جلد مکمل کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.