آسٹریلوی جہاز نے ملائیشین طیارے کے بلیک باکس کے سگنلز پکڑ لیے

لاپتہ ملائیشین طیارے کو لاپتہ ہوئے آج اکتیس روز ہو گئے ہیں۔ جنوب بحر ہند میں تلاشی کے عمل میں مصروف چینی بحری جہاز نے چوبیس گھنٹوں میں دو بار بلیک باکس کے ممکنہ سگنلز پکڑ لئے۔ آسٹریلوی بحری ٹیم نے بھی نئے سگنلز پکڑے جانے کی تصدیق کر دی۔

کولاالمپور: () آٹھ مارچ کو کولاالمپور سے بیجنگ سے اڑان بھرنے والی ملائیشین فلائیٹ ایم ایچ 370 کی گمشدگی کو آج اکتیسواں روز ہے لیکن بوئنگ اور اس میں سوار دو سو انتالیس مسافروں کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ جنوب بحر ہند میں طیارے کی تلاش میں سر گرداں چینی بحری جہاز نے چوبیس گھنٹوں میں دو بار لاپتہ طیارے کے بلیک باکس کے ممکنہ سگنلز پکڑے ہیں۔ دوسری طرف آسٹریلیوی بلیک باکس لوکیٹر (Locator) نے بھی کچھ سگنلز پکڑے جانے کی اطلاع دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے سینتیس اعشاریہ پانچ کلو ہرٹز کے یہ سگنلز ممکنہ طور پر لاپتہ طیارے کے بلیک باکس کے ہو سکتے ہیں۔ سگنلز والے علاقے میں متعدد ممالک کے دس طیارے، دو ائیر کرافٹس اور تیرہ بحری جہاز بلیک باکس کی کھوج میں لگے ہوئے ہیں۔ آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم بہتری کی امید رکھی جانی چاہیے۔ ادھر کولاالمپور میں بدقسمت مسافروں کے لواحقین اکٹھے ہوئے اور کھو جانے والے اپنے پیاروں کی یاد میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔

تبصرے بند ہیں.