آئندہ سال پنجاب کے سی این جی سٹیشنز کو گیس سپلائی ختم کرنیکا فیصلہ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اگلے سال پنجاب کے سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی ختم کر دے گی۔ سی این جی سیکٹر گیس درآمد کرکے فروخت کرے گا۔

اسلام آباد:  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس چیئرمین بلال احمد ورک کے زیر صدارت ہوا۔ سیکرٹری پٹرولیم عابد سعید نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے گیس سکیم پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ پابندی ختم ہونے سے نئی گیس سکیم مکمل کی جائے گی۔ اوگرا نئی سکیم کے لئے گیس ٹیرف میں اضافہ کرے گا۔ وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت اگلے سال پنجاب کے سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی ختم کر دے گی۔ سی این جی سیکٹر گیس درآمد کرکے فروخت کرے گا۔ سی این جی پھر بھی پٹرول سے 35 فیصد سستی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں نے ایل این جی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حکومت 2 بلین کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کرے گی۔ سیکرٹری پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کو سمری بھیجی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت حکومت ایل پی جی کی قیمت کا تعین کرے گی۔ ایل پی جی سستی اور عام آدمی کی پہنچ میں آجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں گیس چوری روکنے اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر کام جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.