اوورسیز پاکستانیوں کیلیے ملک میں بینک اکاؤنٹ لازمی قرار دینے پر غور

اسلام آباد: 

حکومت نے نوکری کی غرض سے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ملک میں بینک اکاؤنٹ کھلوانے کو لازمی قرار دینے پر غور شروع کردیا جس میں بیرون ملک سے رقم بھجوانے پر انہیں سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

دبئی میں منعقدہ پاکستان ریمی ٹینس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عرفان علی نے بتایا کہ بینک اکاؤنٹ ہر اس پاکستانی شہری کو کھلوانا ہوگا جو نوکری کی غرض سے ملک سے باہر جائے گا فی الوقت یہ لازم نہیں تاہم امکان ہے کہ اگلے برس سے بینک اکاؤنٹ کی شرط لازمی کردی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ نجی بینکوں میں یہ اکاؤنٹ کھلوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بینکوں کی جانب سے مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی، یہ اکاؤنٹ صرف بیرون ملک سے پاکستان رقم منتقلی (ریمی ٹینس) کے لیے استعمال ہوگا جس میں کوئی اور رقم جمع نہیں کرائے جاسکے گی۔

اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو بینک اکاؤنٹ کی سہولت فراہم کرکے اس طرف راغب کرنا ہے کہ وہ اپنی رقومات (ریمی ٹینسز) کسی اور ذریعے سے بھیجنے کے بجائے اس قانونی راستے سے وطن منتقل کریں۔

تبصرے بند ہیں.