اوباما کی منظوری، مزید 200 امریکی فوجی عراق پہنچ گئے

صدر اوباما نے ایک خط کے ذریعے ارکانِ کانگریس کو بتایا ہے کہ فوجی دستے کے ہمراہ ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیارے بھی عراق بھیجے جارہے ہیں۔

واشنگٹن ویب ڈیسک) امریکا کے صدر براک اوباما نے مزید 200 امریکی فوجی اہلکار عراق بھیجنے کی منظوری دیدی ہے جو بغداد کے ہوائی اڈے اور امریکی سفارت خانے کی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے صحافیوں کوبتایا ہے کہ یہ 200 فوجی اہلکار عراق پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پہلے سے موجود 275 امریکی فوجی اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ان 275 اہلکاروں کو اوباما انتظامیہ نے بغداد میں موجود امریکی سفارت خانے کی حفاظت کے لیے جون کے وسط میں عراق بھیجا تھا۔ ان کے علاوہ صدر اوباما 300 فوجی مشیر اور معاونین بھی عراق بھیجنے کی منظوری دے چکے ہیں جو وہاں سنی شدت پسندوں سے مقابلے کی حکمتِ عملی تیار کرنے میں عراقی حکومت اور فوج کی معاونت کر رہے ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں داعش کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کو امریکا سنجیدگی سے لے رہا ہے، اور اسی لئے مزید فوج بھیجی گئی ہے۔ ان مزید 200 فوجی اہلکاروں کی عراق میں تعیناتی کے اعلان کے بعد عراق میں موجود امریکی فوجی اہلکاروں کی تعداد 800 ہوگئی ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.