انگلینڈ نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

دبئی: انگلینڈ نے چوتھے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 356 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 271 رنز پر آوٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کپتان اظہر علی نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم 45 رنز کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے 2 اوور بعد کپتان اظہر علی بھی 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے 65 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن حفیظ 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ بابر اعظم نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر 47 رنز کی شراکت داری قائم کی، وہ بھی 51 رنز سے زیادہ نہ بناسکے جب کہ محمد رضوان 11 اور شعیب ملک 52 اور سرفراز احمد 20 اور انور علی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، ڈیوڈ ویلے اور معین علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوررز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنائے، اوپننگ بلے بازجیسن رائے اورالیکس ہیلز نے ٹیم کو 54 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد ہیلز 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری وکٹ کے لیے رائے نے رووٹ کے ساتھ ملکر 140 رنز کی شراکت داری قائم کی، جیسن رائے 102 اور روٹ 71 رنز بنا کر پویلیین لوٹے جب کہ کپتان مورگن بھی 14 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، ٹیلر اور بٹلر نے پانچویں وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم ٹیلر 13 رنز پر محمد عرفان کا شکار بنے جب کہ جوز بٹلر آخر تک وکٹ پر کھڑے رہے اور صرف 47 گیندوں پر 8 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی اور 116 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔  پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور اظہر علی نے 2،2 جب کہ یاسرشاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.