انرجی سیکٹر،خواتین کا کردار بڑھانے کیلیے جینڈرایکویٹی ورکشاپ

اسلام آباد: توانائی کے شعبے میں خواتین کے کردار کے فروغ کیلیے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیر انتظام بدھ کو’’جینڈ ایکویٹی ورکشاپ‘‘ منعقد کی گئی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کے چیف آف پارٹی کریگ ڈیویلڈی نے کہا کہ خواتین کارکنوں کی تعداد میں دگنا اضافہ وقت کی ضرورت ہے، خواتین ملکی معیشت میں پہلے ہی کلیدی کردار ادا کررہی ہیں اور توانائی کے شعبے میں ان کے کردار کو مستحکم کرکے ملکی خوشحالی میں نمایاں تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کا پاور ڈسٹری بیوشن پروگرام حکومتی شعبے میں کام کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں جینڈر ایکویٹی ٹریننگ پروگرام منعقد کررہا ہے جس کا مقصد آئین پاکستان کے تحت صنفی تضاد کا خاتمہ اورخواتین کو ہر شعبہ زندگی میں کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7سال میں افراط زر میں اضافے کی وجہ سے اکیلا مرد خاندان کی معاشی ضروریات پوری نہیں کرسکتا جس کی وجہ سے خواتین کو افرادی قوت میں شامل کرنا انتہائی ضروری ہوگیا ہے، تربیتی ورکشاپس کے انعقاد سے خواتین کو ہر شعبے میں خدمات انجام دینے میں معاونت حاصل ہوگی جس سے ملکی معیشت کے استحکام میں نمایاں مدد ملے گی۔

تبصرے بند ہیں.