امریکا میں پاکستانی نوجوان کو دہشت گردی کے الزام میں 40 سال قید کی سزا

نیویارک: امریکی عدالت نے پاکستانی نوجوان کو برطانیہ میں دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کے جرم میں 40 سال قید کی سزا سنادی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 29 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان  اور زمانہ طالب علمی میں اسکول کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عابد نصیر کو نیویارک کی ایک عدالت نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے 40 سال قید کی سزا سنادی ہے۔ عابد نصیر پر الزام ہے کہ اس نے 2009 میں مانچسٹر کے شاپنگ سینٹر میں اپنے دیگر 11 ساتھیوں کے ساتھ حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی جس کے الزام میں اسے برطانوی حکومت نے 2009 میں گرفتار کیا تھا جب کہ 2013 میں عابد نصیر امریکا بھیج دیا گیا جہاں اس پر 2 سال تک مقدمہ چلتا رہا۔

عابد نصیر کو رواں سال کے اوائل میں مانچسٹر میں دہشت گردی کے منصوبے میں القاعدہ کی مدد کرنے پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جس میں اس پر مزید الزام لگایا گیا ہے کہ وہ بیرونی دہشت گرد گروپ کو مدد کرنے اور ان کے تعاون سے نیویارک اور واشنگٹن سب وے پر حملوں کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث ہے اسی لیے ان کے خلاف مقدمہ بھی برطانیہ کے بجائے امریکہ میں چلایا گیا۔

تبصرے بند ہیں.