امریکا افریقہ میں 14 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

امریکی صدر اوباما نے اعلان کیا ہے کہ امریکی کاروباری ادارے افریقہ بھر میں 14 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اِس سرمایہ کاری میں توانائی ، بینکاری ، تعمیرات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں۔

واشنگٹن (ویب ڈیسک) اوباما نے یہ اعلان واشنگٹن میں امریکا افریقہ کاروباری فورم سے خطاب کے دوران کیا۔ یہ فورم ، سہ روزہ سربراہ اجلاس کا ایک حصہ ہے ، جس میں امریکی صدر اوباما اور 50 افریقی ملکوں کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔ دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے افریقہ میں توانائی کے ماحول دوست ذرائع کے حوالے سے امریکا کی طرف سے ایک کروڑ ڈالر کی اضافی رقوم فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ امریکا اس بات کا خواہاں ہے کہ لاکھوں افریقی عوام کو توانائی تک رسائی ہو ، اور ان کے گھر روشنی سے جگمگائیں۔ واضح رہے کہ 60 کروڑ افریقی ایسے ہیں جن کو آج بھی بجلی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ افریقہ کے براعظم کی کچھ معیشیں تیزی سے فروغ پا رہی ہیں ، اور اِنہی ملکوں کی کاوشوں کے باعث دنیا کا آئندہ کا نقشہ ابھرنے میں مدد ملے گی۔ –

تبصرے بند ہیں.