الیکشن کمیشن نے سندھ میں 18 اور پنجاب میں 30 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے شیڈول جاری کردیا

الیکشن کمیشن نےسندھ اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کامجوزہ شیڈول پیش کردیا، جس کے مطابق سندھ میں 18 اور پنجاب میں 30 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تیاری کے لئے صوبوں سے مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹری، صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دوران پرنٹنگ کارپوریشن نے 30 جنوری تک بیلٹ پیپر چھاپے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن سے درخواست کی کہ پنجاب میں 30 جنوری کےبجائے 19 فروری کوانتخابات کرائے جائیں، الیکشن کمیشن نے پرنٹنگ کارپوریشن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول پیش کردیا گیا، جس کے مطابق سندھ میں 18 جنوری اور پنجاب میں 30 جنوری کو پولنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول کے مطابق 10 سے 13 دسمبر کے درمیان کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے، 14 دسمبر کو اعتراضات داخل کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پٹرتال کا عمل 15 سے 19 دسمبر تک ہوگا، جس کے بعد 20 سے 21 دسمبر کو ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی اور 26 دسمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔ اس موقع پر جسٹس تصدق حسین جیلانی کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے جارہا ہے، آرٹیکل 220 کے تحت وفاق اور صوبوں کے تمام ادارے الیکشن کمیشن کی معاونت اور احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہیں، لیکن صوبوں نے مشاورت کے بغیر عدالت میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخیں دے دیں، تاہم صوبوں کی تیاری مکمل نہیں تھی۔

تبصرے بند ہیں.