الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے خصوصی ونگ قائم کردیا

اسلام آ باد: الیکشن کمیشن نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ونگ بھی قائم کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ونگ گریڈ 17 کے 4 افسروں پر مشتمل ہے اور ہر صوبے کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیکشن کوونگ کا حصہ بنایا گیا ہے، ونگ کا کام بلدیاتی انتخابات کےلیے صوبوں سے رابطہ قائم کرنا ہے، صوبوں سے الیکشن انتظامات میں تعاون اور ان سے تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کرنا بھی ونگ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے دوران صوبوں کو 15 ستمبر یا اس کے چند روزبعد بلدیاتی الیکشن کرانے کی ہدایت کررکھی ہے، اس سلسلے میں سندھ اور پنجاب حکومتوں نے سپریم کورٹ سے بلدیاتی انتخابات کے لئے 6 ماہ کا وقت مانگا تھا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے اکتوبر میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی حامی بھر لی ہے۔

تبصرے بند ہیں.