الیکشن ڈیوٹی پرملازمین کوایک ارب 45 کروڑ ادا کردیے گئے

اسلام آ باد: 11 مئی کے عام انتخابات کے موقع پرملک بھرکے 70ہزارپولنگ اسٹیشنزپر ڈیوٹی انجام دینے والے 7 لاکھ20ہزارعملے کوایک ارب 45کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ۔ جبکہ پاک فوج کوادائیگی کرناباقی ہے۔ انتخابی ڈیوٹی دینے والے عملے کی تعدادمیں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں30 فیصداضافہ پولنگ اسٹیشنز کی تعدادمیں اضافہ کے باعث ہواتھا۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ملک بھرمیں انتخابی ڈیوٹی دینے والے مختلف محکموں کے ملازمین کو ریٹرننگ افسران کے دفاترسے پولنگ سے ایک روز پہلے ادائیگی کی گئی ہے۔سیکیورٹی اداروں میں سے پاک فوج کوابھی ادائیگی کی جانی ہے۔پاک فوج کے 70 ہزار جوانوں نے11مئی کے روز ملک بھر میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے ڈیوٹی انجام دی تھی۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز کی خریداری اور پرنٹنگ پرایک ارب تک اخراجات آئے جبکہ سٹیشنری کی خریداری پربھی ایک ارب اخراجات آئے ہیں،ووٹرفہرستوں کی تیاری پرنادرا کو 40 کروڑکی ادائیگی کی گئی ہے اورابھی پچاس کروڑروپے کی ادائیگی کی جانی ہے،بیلٹ پیپرزاورسٹیشنری اخراجات کی70 فیصد ادائیگیاں کی گئی ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور ڈیٹا آپریٹرز کو بھی ادائیگیاں کردی گئی ہیں۔ نادراپاک فوج اورانتخابات کے انعقادکے موقع پرخدمات انجام دینے والے دیگر اداروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات 2013 کے لیے مقررکیے گئے تخمینہ کے مطابق ادائیگی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے 5ارب 99 کروڑ کا بجٹ انتخابات کے انعقادکے لیے مقرر کیا تھا اوروفاقی وزارت خزانہ نے اسکی منظوری دی تھی۔

تبصرے بند ہیں.