اقتدارمیں آکر کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کا خاتمہ کردینگے،نوازشریف

کراچی: مسلم لیگ(ن) کے صدرنوازشریف نے کہا کہ اگر ہماری حکومت آئی تو کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کا خاتمہ کردیں گے، پیپلزپارٹی اوراس کی اتحادی جماعتوں نے گزشتہ 5سالوں میں عوام کےلئے کچھ نہیں کیا اب یہ جماعتیں شورمچارہی ہیں۔ کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں میدان میں ہوتی لیکن انہوں نے خود اپنے آپ کو نقصان پہنچایا اور آج اس حال میں پہنچی ہے کہ لوگ اسے ووٹ دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کی بات کرنے والی جماعتوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے ریمارکس ہیں کہ ان کے عسکری ونگز ہیں جو شہر میں اپنے مفادات کےلئے دہشت گردی پھیلاتے ہیں اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کا خاتمہ کیا جائے گا، کراچی کے عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں یا نہ دیں لیکن اس شہر کی ترقی کے لئے وہ اقدامات کئے جائیں گے جس پر یہاں کے شہری خود ہی ہماری حمایت کریں گے۔ صدرمسلم لیگ(ن) نے کہا کہ وہ کسی بھی اخبار میں شائع ہونے والے کالم پر تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ اصل فیصلہ عوام کریں گے کہ کس جماعت کو اقتدار کی مسند پر بٹھایا جائے لیکن وہ اتنا ضرور کہتے ہیں کہ اگر تحریک انصاف 100 نشستیں جیتے گی تو مسلم لیگ (ن) 170 سیٹوں پر کامیاب ہوگی۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملک کا کوئی ایسا حصہ نہیں جو دہشت گردی سے محفوظ ہو،بلوچستان میں ان کی جماعت کے صوبائی صدر پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں ان کے بیٹے، بھائی اوردیگرافراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ گزشتہ روز حاجی لشکری رئیسانی پر قاتلانہ حملہ ہوا ۔ اس لئے یہ کہنا کہ صرف پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور عوامی نینشل پارٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے صحیح نہیں، انہیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ، وہ قوم سے معافی مانگنے کے بجائے ایسی باتیں کررہے ہیں جو ملک کی بقا کے لئے کسی بھی طرح صحیح نہیں۔ ملک کے دیگر صوبوں میں پنجاب کی طرح بیورو کریسی کو یکسر تبدیل نہیں کیا گیا پھر بھی یہ کہا جاتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حمایت کی جارہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.