افغانستان میں امریکی فضائی حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے مغربی صوبے ننگرہار میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق امریکی فضائی حملہ گزشتہ رات صوبائی دارالحکومت جلال آباد سے چند کلومیٹر دور ساراچا کے مقام پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی عمریں 12 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین بچے اسکول کے طالب علم تھے جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں، دوسری جانب ناٹو کے ترجمان نے فضائی حملے کی تصدیق کی ہے تاہم اس کے نتیجے میں کسی ہلاکت کا ذکر نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی افغان صوبے کنار میں فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 شہری ہلاک ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران افغانستان کے مختلف علاقوں میں امریکی اور اتحادی افواج کے فضائی حملوں اور آپریشنز کے دوران سیکڑوں شہری مارے جاچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.