افراط زر کی ہفتہ وار شرح میں 0.48فیصد کااضافہ

کراچی:  افراط زر کی ہفتہ وار شرح میں 0.48فیصد کااضافہ ریکارڈ کیاگیا تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 1.16 فیصد بڑھ گئی۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعرات 2جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر سب سے زیادہ مہنگائی 12ہزارتا18ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.50فیصد ہوئی جب کہ 8تا12ہزار اور 18تا35ہزار روپے کمانے والوں کے لیے افراط زر میں 0.49فیصد جبکہ 8ہزار روپے ماہانہ آمدن والوں کے لیے 0.48فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا تاہم 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کی جیب پر 0.46فیصد کا اضافی بوجھ پڑا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 17اشیابشمول ٹماٹر، آلو، پیاز، کیلے مرغی، انڈے، دال مونگ، دال مسور، گائے اور بکرے کاگوشت، دودھ، دہی، ایل پی جی، سرسوں کا تیل اور پسی ہوئی سرخ مرچ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ دال چنا، دال ماش، ٹوٹا باسمتی چاول، گندم، آٹا، چینی، لہسن اور ویجیٹیبل گھی سمیت 8اشیاکے نرخ کم اور  28آئٹمز کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

تبصرے بند ہیں.