اضافی ٹیکس وصولی کیلیے نیا سافٹ ویئر متعارف کرانیکا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نان رجسٹرڈ دکانداروں ،تاجروں و صنعتکاروں کو بجلی اور گیس کی سُپلائی پر پانچ فیصد اضافی ٹیکس وصولی کیلیے 20جولائی تک نیا سافٹ ویئر متعارف کروانیکا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے ،،رائل،،کو بتایا کہ بجلی اور گیس کمپنیوں کی طرف سے کمرشل اور صنعتی صارفین سمیت دیگر صارفین کیلیے 20 جولائی تک بل تیار کرکے بھجوائے جاتے ہیں، اس لیے ایف بی آر کی کوشش ہے کہ 20 جولائی سے پہلے پہلے یہ نیا سافٹ ویئر تیار کرکے ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور گیس کمپنیوں کو فراہم کردیا جائے تاکہ گیس کمپنیوں اور پاور کمپنیوں کی طرف سے جو بلنگ تیار کی جائے اس میں جو نان رجسٹرڈ کمرشل و صنعتی صارفین ہونگے ان پر پانچ فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جاسکے۔مذکورہ افسر نے بتایا کہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں حکومت نے ڈاکومنٹیشن کو فروغ دینے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلیے نان رجسٹرڈ کاروباری و صنعتی یونٹس کو بجلی اور گیس کی سُپلائی پر پانچ فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا ہے، چونکہ مالی سال کا آغاز ہوچُکا ہے اور یکم جولائی سے مذکورہ اضافی ٹیکس کا بھی اطلاق ہوچکا ہے، اس لیے ایف بی آر کی کوشش ہے کہ نیا سافٹ ویئر بیس جولائی سے پہلے پہلے تمام بجلی کی تقسم کار کمپنیوں اور گیس کمپنیوں میں نصب کردیا جائے۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ مذکورہ سافٹ ویئر کو ایف بی آر کے ماسٹر انڈیکس کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے گا، اس کے علاوہ اس سافٹ ویئر میں تمام سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبرز ڈال دیے جائیں گے اور سافٹ ویئر کے ذریعے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں و گیس کمپنیوں کو یہ معلوم ہوسکے کہ کتنے ایسے کاروباری و صنعتی یونٹس ہیں جو سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہیں ہیں، جو غیر رجسٹرڈ صارفین ہونگے ان کے بجلی اور گیس کے بلوں میں معمول کے ٹیکس کے علاوہ پانچ فیصد اضافی ٹیکس شامل کرکے بلوں کے ساتھ وصول کرلیاجائیگا تاہم اس پانچ فیصد اضافی ٹیکس کا عام اور گھریلو غیر رجسٹرڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.