اسلام آباد :سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کی تعیناتی شر

پاک فوج کے 350 جوان تین ماہ تک وفاقی دار الحکومت میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں ادا کریں گے

اسلام آباد () وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کی تعیناتی شروع، وفاقی حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت تین ماہ کے لیے فوج کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کے 350 جوان سیکورٹی کی ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔ فی الحال انہیں سٹینڈبائی پوزیشن میں رکھا گیا ہے ۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق فوج طلب کرنے کا یہ فیصلہ آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ ردِ عمل کے پیشِ نظر کیا گیا ہے ۔ یہ تعیناتی تین ماہ کے لیے کی گئی ہے ۔ تاہم اس دورانیے میں اضافہ یا کمی کی جا سکتی ہے ۔ آئین کے آرٹیکل 245 کے نفاذ کا نوٹی فیکشن 24 جولائی کو جاری کیا گیا ۔ نوٹیفیکشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں فوج بلانے کی درخواست چیف کمشنر اسلام آباد نے دی ۔ فوج کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997ء کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے ۔ مسلح افواج کے افسر کو پولیس افسر کے اختیارات حاصل ہوں گے ۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مسلح افواج کا اہلکار وارننگ کے بعد طاقت کا استعمال کر سکتا ہے ۔ فوج کو وارنٹ کے بغیر کسی بھی عمارت کی تلاشی لینے کا اختیار ہوگا ۔ آئین کے آرٹیکل 245 کی شق ایک کے تحت فوج وفاقی حکومت کی ہدایت پر سول حکومت کی مدد کے لئے بلائی جاتی ہے، اس آرٹیکل کی ذیلی شقوں میں حالات سے نمٹنے کے لئے فوج کو آئینی اور قانونی تحفظ حاصل ہے ۔ –

تبصرے بند ہیں.