ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے جنوبی افریقا کیخلاف 263 رنز بنالئے،خرم منظور کی شاندار سنچری

جنوبی افریقا کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں خرم منظور کی سنچری اور شان مسعود کی ففٹی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقا کے 429 رنز کے جواب میں 263 رنز بنالئے ہیں جب کہ اب بھی اس کے 7 کھلاڑی باقی ہیں۔ ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن پروٹیز نے 245رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تاہم جنوبی افریقی بلے بازوں نے صرف 4 رنز کے عوض ہی اپنی بقیہ دونوں وکٹیں گنواں دیں اور اس طرح پروٹیز کی پہلی اننگز 249 رنز تک ہی محدود رہی۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ذوالفقار بابر اور محمد عرفان نے3،3 جبکہ سعید اجمل نے 2 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 249 رنز کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو شاندار بنیاد فراہم کی اور پہلی وکٹ پر 135 رنز بنائے، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں 75 رنز کی اننگز کھیل کر اچھے مستقبل کی نوید سنائی، شان مسعود کے بعد اظہر علی اور یونس خان کریز پر آئے لیکن وہ زیادہ دیر تک خرم منظور کا ساتھ نہ نبھا سکے اور وہ بالترتیب 11 اور ایک رن ہی بناسکے، اس موقع پر کپتان مصباح الحق میدان میں اترے اور دونوں کھلاڑیوں نے بھرپور انداز میں پروٹیز کا سامنا کیا اور اسکور بورڈ کو متحرک رکھا، اسی دوران خرم منظور نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، کھیل کے اختتام تک دونوں کھلاڑیوں نے 80 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور کو 263 رنز پہنچادیا۔ خرم منظور 131 جبکہ مصباح الحق 40 رنز کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود ہیں جو کل 14 رنز کی برتری کے ساتھ ایک بار پھر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ گرین شرٹس کی ابھی مزید 7 وکٹیں باقی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.