آسٹریلیا کیلیے خطرے کی ’’بیل‘‘ بج گئی،261 رنز کا خسارہ

ناٹنگھم: ناٹنگھم ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیلیے خطرے کی ’’ بیل ‘‘ بج گئی، انگلش بیٹسمین ای ین بیل نے ناقابل شکست95 کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 261 رنز کی برتری دلا دی۔ وہ اور اسٹورٹ براڈ(47 ناٹ آؤٹ) حریف بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں کے درمیان اب تک ساتویں وکٹ کیلیے 108 رنز کی شراکت بن چکی ہے، تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے6 وکٹ پر 326 رنز جوڑ لیے، بیل نے اس اننگز کے دوران ٹیسٹ میں 6 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کرلیا، میزبان ٹیم نے دن کا آغاز 2 وکٹ 80 رنز سے کیا، کپتان الیسٹر کک 37 اور کیون پیٹرسن 35 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، یہ دونوں سینئر بیٹسمین لنچ سے قبل پویلین لوٹ گئے، پیٹرسن نے کپتان کے ہمراہ 110 رنز کی شراکت میں 64 رنز کا حصہ ڈالا، ان کی اننگز میں درجن بھر چوکے بھی شامل رہے، وہ جیمز پیٹنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔لیفٹ ہینڈرکک 50 رنز بنانے کے بعد ایشٹون ایگر کا پہلا ٹیسٹ شکار بن گئے، 19 سالہ اسپنر کی گیند پر پہلی سلپ میں مائیکل کلارک نے عمدہ کیچ تھاما، جونی بیئراسٹو وکٹ پر سیٹ نہیں ہوپائے اور 15 رنز بناکر ایگر کی گیند پر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں دبوچے گئے، 34 پر بیل کو امپائر کمار دھرماسینا نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر شک کا فائدہ دے ڈالا، آسٹریلیا نے ریفرل کا فیصلہ کیا تاہم ری پلے نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کی توثیق کردی، آسٹریلیا نے نئی گیند ملنے پر میٹ پرائر (31) کو ٹھکانے لگایا، وہ پیٹر سڈل کی گیند پر مڈوکٹ پر ایڈ کووان کا کیچ بنے۔ اس کے بعد بیل اور پیٹرسن نے آسٹریلوی بولرز کا جینا دوبھر کر دیا اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔

تبصرے بند ہیں.