آئی ٹی انفرااسٹرکچر سے توانائی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے، مائیکروسافٹ

کراچی: پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انفرااسٹرکچر کو مضبوط بناکر توانائی کے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ پاکستان نیشنل براڈ بینڈ ہائی وے کے منصوبے پر کام کررہا ہے جس کا مکمل آئیڈیا ایک ماہ میں پیش کیا جائے گا۔ ٹیکنالوجی پر مبنی تنوع کے ذریعے کاروبار کی بہتری کے موضوع پر میڈیا سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مائکروسافٹ پاکستان کے کنٹری منیجر عامر راؤ نے بتایا کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں براڈ بینڈ ہائی وے کے منصوبے پر کام کررہا ہے اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے مستحکم انفرااسٹرکچر فراہم کرنا ہے یہ انفرااسٹرکچر پاکستان میں کام کرنے والی آئی ٹی کمپنیاں، نجی اور سرکاری ادارے بھی استعمال کریں گے۔براڈ بینڈ ہائی وے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے دیرینہ مسئلے پر بھی قابو پانے میں مدد ملیگی اور براڈ بینڈ ہائی وے ملک میں اسمارٹ گرڈ اور اسمارٹ میٹرنگ کے تصور کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار اداکریگی جس کے ذریعے ملک میں بجلی چوری کی روک تھام ممکن ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ براڈ بینڈ ہائی وے ملک کی معاشی ترقی اور سماجی شعبے کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ براڈ بینڈ ہائی وے کی تشکیل پر حکومت کو ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔ اسپتال اور اسکولوں کو براڈ بینڈ ہائی وے سے منسلک کرکے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک علم کی روشنی اور طبی سہولتیں پہنچائی جاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے مائیکروسافٹ کا کوئی کمرشل فائدہ وابستہ نہیں ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں کام کرنے والی تمام آئی ٹی اور سلوشن پرووائڈر کمپنیاں فائدہ اٹھاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مائیکروسافٹ کا سٹیزن کیئر فریم ورک کا تصور بھی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اور سہولتوں کی فراہمی کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.