آئندہ سال زرمبادلہ کے ذخائر میں 2.9 ارب ڈالر کی کمی ہوسکتی ہے

اسلام آ باد: وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے ابتدائی خدوخال جاری کردیے ہیں۔ بجٹ میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 1.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، موجودہ مالی سال کی نسبت زرمبادلہ کے ذخائر میں 2.9 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوسکتی ہے جبکہ آئندہ بجٹ میں ترسیلات زر 15ارب 50کروڑ ڈالر تک ہوسکتی ہیں ۔ منگل کو وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔جس کے مطابق جولائی میں زرمبادلہ کے ذخائر 5.2ارب ڈالر ہوسکتے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے آغاز میں زرمبادلہ کے ذخائر 8.1 ارب ڈالر تھے ۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ابتدائی خدوخال کے مطابق آئندہ بجٹ میں برآمدات 26ارب 10کروڑڈالر تک رہنے کی امید ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک برآمدات 25ارب 30لاکھ ڈالر تک رہنے کی توقع کی جارہی ہے ۔ آئندہ مالی سال بجٹ کے مطابق درآمدات 42 ارب 60کروڑ ڈالر تک ہونے کا امکان ہے ۔

تبصرے بند ہیں.