آئرش ٹیم کو پاکستان نے ہرادیا

ڈبلن: کامران اکمل اوروہاب ریاض کی شانداربیٹنگ ، آئرش ٹیم کی فتح کا خواب چکنا چورہوگیا۔ پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں آئرلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی۔پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے ٹائی ہونے کے بعد ڈبلن میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی آئرلینڈ کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا صرف چار رنز کے مجموعی اسکور پردوآئرش کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ آئرش بلے باز ایڈ جوئس نے ایک سو سولہ رنز کی اننگز کھیلی۔ کیون اوبرائن اڑتیس اور نیل اوبرائن انتیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عبدالرحمن نے چاراور فاسٹ بالر جنید خان نے دوآئرش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی اور بیٹسمینوں کے وکٹ پر آنے اور گراؤنڈ سے جانے کا سلسلہ جاری رہا۔ وہاب ریاض اور کامران اکمل نے آٹھویں وکٹ پرتیرانوے رنزکی پارٹنر شپ قائم کرکے پاکستان کی یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔ کامران اکمل اکیاسی اوروہاب ریاض سینتالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ شعیب ملک تینتالیس اور مصباح الحق چوبیس رنز بنا سکے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی۔ آئرش بالرز ٹرینٹ جونسٹن اورایلکس کوسیک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.