Latest National, International, Sports & Business News

سی این جی ایسوسی ایشن کاگیس قیمتوں میں کمی کامطالبہ

اسلام آباد: آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی مسلسل سپلائی یقینی بنانا وزیراعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا بہت بڑا کارنامہ ہے، اب پنجاب میں آر ایل این جی اور دیگر صوبوں میں قدرتی گیس کی قیمت کم کی جائے۔

اس سے کروڑوں افراد کو ریلیف ملے گا، گیس نکالنے والی کمپنیاں حکومت سے معاہدے کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت 40ڈالر فی بیرل سے کم ہونے پر قیمت کم کرنے کی پابند ہیں۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمت دسمبر سے 40ڈالر فی بیرل سے کم ہے بلکہ یہ 26 ڈالر تک بھی گری جبکہ اس مدت کا اوسط ریٹ34.2 ڈالر فی بیرل ہے جس کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم نے ایل این جی امپورٹ کا معاہدے کر کے پنجاب کی ڈوبتی ہوئی سی این جی کی صنعت کو بچا لیا ہے، ایل این جی کا عظیم الشان منصوبہ پاکستان میں انرجی مکس کو متوازن بنانے اور توانائی بحران کے حل کے لیے سب سے اہم قدم ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

تبصرے بند ہیں.