سیاحوں کی پسندیدہ ایوبیہ چئیرلفٹ بدانتظامی کے باعث بند ہو گئی۔ سیاح مایوس ہونے لگے۔
مری: ( قدرتی نظاروں سے بھرے پرفضا مقام پر لگی چئیرلفٹ بھی بدانتظامی کا شکار ہو کر بند ہو گئی جس سے یہاں آنے والوں سیاحوں میں مایوسی پھیلنے لگی۔ ایوبیہ چئیرلفٹ کا دو برس کے لیے 6 کروڑ روپے کے عوض دیا گیا ٹھیکہ جو انیس اپریل کو ختم ہو گیا۔ اس کے بعد معاہدے میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی لیکن اس کے بعد بھی کسی نئی کمپنی کو ٹھیکہ نہیں دیا جا سکا جس کے باعث 22 مئی سے چئیر لفٹ بند کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کی خواہش معاملات کو تاخیر کا شکار کر رہی ہے۔ موسم گرما میں ایوبیہ کے پرفضا مقام پر آنے والے سیاح بھی سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ اس مقام پر موجود دکانوں سے وابستہ تاجر اور مزدور بھی پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے چیئر لفٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بورڈ آویزاں نہیں کیا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ چئیرلفٹ بند ہوئی ہے۔ نئے ٹھیکہ دینے کے لیے جی ڈی اے نے 8 جون کا دن مقرر کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.