موسمی تبدیلیاں:براعظم ایشیا خطرات میں
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب متوقع طور پر جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے ان میں ایک ایشیا بحر الکاہل کا بھی ہے۔ان تبدیلیوں سے اگلی صدی تک کروڑوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔
لاہور (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس بات پر متفق ہے کہ ہماری زمین کا موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ درجہ حرارت میں بے قاعدہ اضافہ یا کمی، برف پڑنے اور بارشوں کے اوقات یا ترتیب میں تبدیلی، سمندری سطحوں میں اضافہ اور موسموں کی شدت جو ہمارے سیارہ زمین کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، دراصل انسانوں ہی کی جانب سے پیدا کی جانے والی گرین ہاوس گیسوں کی بدولت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے آنے والے سیلابوں کے باعث اگلی صدی کے آغاز تک کروڑوں لوگ متاثر ہوں گے۔ دنیا میں بعض شہر اس قدر آلودہ ہیں کہ وہاں سانس لینا بھی دشوار ہے۔ مثال کے طور پر چین کے دارالحکومت بیجنگ کی ہوا اس قدر آلودہ ہے کہ وہاں ماسک کے بغیر سانس لینا بھی محال سمجھا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق ہم جتنا زیادہ گرین ہاوس گیسوں کا اخراج بڑھائیں گے، جو بنیادی طور پر معدنی ایندھن یا فوصل فیول کے جلنے سے پیدا ہوتی ہیں، اتنا ہی زیادہ ماحولیاتی حدت میں اضافہ ہو گا۔پچھلی ایک صدی کے دوران عالمی سطح پر سمندری سطح میں 0.19 میٹر اوسط اضافہ ہوا،جس میں مزید تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔اس کی وجہ سمندروں کا درجہ حرارت بڑھنا اور گلیشیئرزکا تیزی سے پگھلنا ہے۔ –
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.