مصباح خود ہی تیسرے ون ڈے سے الگ ہوا : شہر یار
پی سی بی کے چیئرمین شہر یارخان نے کہا ہے کہ مصباح خود ہی تیسرے ون ڈے سے الگ ہوا ہے ، اور بورڈ نے یہ بات اس پر چھوڑ دی ہے کہ آیا وہ 2015 کے عالمی کپ تک کپتان رہنا چاہتا ہے یا نہیں۔
ابو ظہبی (نیٹ نیوز) ابو ظہبی میں گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیف نے کہا کہ مصباح اپنی خراب کارکردگی کے وجہ سے کچھ وقفہ چاہتا تھا ، اور بورڈ نے بھی اس سے اتفاق کیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق اس سے قبل مصباح الحق کے یہ میچ نہ کھیلنے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی خاموشی معنی خیز رہی کیونکہ میچ سے ایک دن قبل ہی ان کے نہ کھیلنے کی خبریں ذرائع ابلاغ میں آگئی تھیں اور ساتھ ہی مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئی تھیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں کوئی وضاحت کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ مصباح الحق مسلسل 75 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد پہلی بار کوئی میچ نہیں کھیل رہے ہیں۔ اس عرصے میں پاکستانی ٹیم نے چالیس ون ڈے میچوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے اٹھارہ میں سے گیارہ ون ڈے سیریز جیتی ہیں۔ مصباح الحق گزشتہ سال ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 1373 رنز بناکر دنیا بھر میں سرفہرست رہے تھے۔ اس سال انہوں نے ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں 73 اور پھر سری لنکا ہی کے خلاف فائنل میں 65 رنز کی اننگز کھیلی تھیں تاہم سری لنکا کے دورے میں کھیلے گئے تینوں ون ڈے میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرپائے تھے۔ –
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.