Latest National, International, Sports & Business News

فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی پر دوبارہ رائے شماری کا عن

لندن: فیفا کے ڈپٹی چیئرمین جم بوئس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میزبان ملک کے انتخاب کیلئے دوبارہ ووٹنگ کرانے میں کوئی مسئلہ نہیں اور وہ اس اقدام کیلئے تیار ہیں۔ اس ضمن میں فیفا کے اعلیٰ تفتیشی افسر مائیکل گارشیا نے مبینہ کرپشن اور رشوت خوری کے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ملک کے دوبارہ انتخاب کیلئے رائے شماری کی جاتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اگر مائیکل گارشیا نے ثابت کر دیا کہ فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ملک کے انتخاب میں فراڈ کیا گیا ہے تو اس معاملے سے نہایت سنجیدگی سے نمٹا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب مائیکل گارشیا کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں فیفا کے تمام عہدیداروں سمیت دنیا بھر میں کسی بھی شخص سے ملاقات اور پوچھ گچھ کی مکمل اجازت ہو گی۔ ہم بھی ان الزامات کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں تاکہ حقائق سب کے سامنے لائے جا سکیں۔ خیال رہے کہ برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ 2022 کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کو دینے کے لئے فیفا کے بعض ارکان نے بھاری رشوت وصول کی تھی۔ دوسری جانب ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی قطر کو دینے کے متنازع فیصلے میں بدعنوانی کے نئے الزامات سامنے آنے کے بعد فٹ بال فیڈریشن آف آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ میزبانی حاصل کرنے کیلئے دوبارہ بڈ جمع کرا سکتے ہیں۔ فیفا کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ گیلپ نے کہا کہ اگر قطر سے ورلڈ کپ کی میزبانی چھن جاتی ہے تو آسٹریلیا کے میزبانی حاصل کرنے کی دوڑ میں دوبارہ داخل ہونے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور رشوت ستانی کے الزامات ہیں اور ہم ہر پہلو سے ان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.