پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو ملک میں جاری توانائی کے بحران کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں ایک تقریب میں پاکستان میں توانائی کے بحران اور اس کے حل کے لیے مجوزہ اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دیا میر بھاشا ڈیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ، واشنگٹن کے چیمبر آف کامرس میں یو ایس ایڈ اور پاکستان کے تعاون سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، پاکستانی وزیر بجلی و توانائی خواجہ آصف اور پاکستان کے لیے امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر راجیو شاہ نے شرکت کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے مستقبل میں ساڑھے چار ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی اور پاکستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو تقریباً ساڑھے چار ہزار میگا واٹ توانائی کی کمی کا سامنا ہے اور حکومت کا ارادہ ہے کہ اگلے چار سالوں میں توانائی کے اس بحران کو ختم کر کے دس ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا جائے۔ –
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.