سو دن بعد ہونیوالے کرکٹ میگا ایونٹ سے پہلے کپتانوں نے کامیابی کے عزم کا اظہار کردیا۔
سڈنی: () کرکٹ کا عالمی میلہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں آئندہ سال شیڈول ہے جہاں 14 ٹیمیں ٹائٹل کی جنگ لڑیں گی جبکہ ورلڈ چیمپئن بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سابق آسٹریلوی کپتانوں نے ایک جگہ اکٹھے ہو کر عالمی کپ کی یادوں کو تازہ کیا۔ خصوصی تقریب میں موجودہ کپتان مائیکل کلارک سمیت رکی پونٹنگ، سٹیووا اور ایلن بارڈر بھی موجود تھے۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 1992ء کی یادیں آئندہ سال کے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے مددگار ثابت ہوں گی۔ کپتان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر فاتحانہ آغاز کے عزم کا اظہار کیا۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ بھارت سے 15 فروری کو شیڈول ہے۔ بھارتی ٹیم کے کپتان مہندراسنگھ دھونی نے ورلڈ کپ کو کرکٹ کا ایک بڑا انعام قرار دیا ہے۔ کہتے ہیں دو ممالک میں شیڈول میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ میزبان آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے اپنی بہترین پرفارمنس دکھانے کا سنہری موقع ہے۔ کینگرو کپتان انگلینڈ کو ہرا کر ٹورنامنٹ کا کامیاب آغاز کرنے کے لئے پُرامید ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کُک بھی اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔ کہتے ہیں ایونٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر ٹائٹل جیتیں گے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلئیرز کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں کئی پلئیرز کے پاس اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔ گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز بھی ٹورنامنٹ کی جیت کے لئے پُرامید ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میزبان نیوزی لینڈ کو افتتاحی میچ میں آؤٹ کلاس کرکے ورلڈ کپ کا چیلنج آگے بڑھائیں گے۔ ادھر نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان برینڈن میکلم کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ابتدائی میچ میں سری لنکن حریف کو شکست دیکر فتح اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.