الطاف حسین کی اسپتال میں وکلا سے ملاقات، کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے لندن کے اسپتال میں اپنے وکلا سے ملاقات کی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے بیٹی کو ملنے کی اجازت دے دی۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ تمام مشکلات اور قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے۔ کارکن قانون ہاتھ میں نہ لیں طبعیت ناساز ہونے کی وجہ سے الطاف حسین کو ابھی اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔
لندن: () الطاف حسین نے لندن کے ولنگٹن اسپتال میں پولیس کی موجودگی میں اپنے وکلا سے ملاقات اور کیس کے بارے میں مشاورت کی۔ ملاقات کے بعد وکلا کا کہنا تھا کہ الطاف حسین ابھی پولیس کو بیان دینے کے قابل نہیں اور وہ ابھی اسپتال میں ہی داخل رہیں گے۔ وکلا سے ملاقات کے بعد حکام نے الطاف حسین کو ٹیلی فون پر رابطے کی اجازت دے دی جس پر انہوں نے ایم کیو ایم سیکرٹریٹ میں رابط کمیٹی کے ارکان سے بیس منٹ گفتگو کی انہوں نے اپنی بیٹی افزاء الطاف سے بھی بات کی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ آزمائشیں ان کے لیے کوئی نئی بات نہیں، کارکن اور ہمدرد ہمت و جرات سے کام لیں اور ہرگز قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام مشکلات اور قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے۔ آج بھی ان کے حوصلے پست نہیں۔ نہ ماضی میں قوم کو مایوس کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے الطاف حسین کی بیٹی کو ان سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے پہلے صبح کے وقت الطاف حسین کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے ان کا بلڈ شوگر کافی زیادہ تھا ڈاکٹروں نے بلڈ شوگر نارمل کرنے کے لئے انہیں ادویات دیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق الطاف حسین طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے پولیس کو انٹرویو دینے کے قابل نہیں اور انہیں آج رات بھی اسپتال میں رکھا جائے گا۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق الطاف حسین اسپتال میں پولیس کی حراست میں ہی رہیں گے۔ دوسری طرف پاکستان نے الطاف حسین تک رسائی کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانوی دفتر خارجہ کو خط تحریر کیا ہے جس میں الطاف حسین تک رسائی کی در خواست کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین پاکستانی شہری ہیں۔ ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے الطاف حسین کی صحت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ وزیر اعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے الطاف حسین کے متعلق اب تک کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کو مکمل سفارتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ –
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.