ہفتہ رفتہ، روئی کی عالمی مارکیٹ میں مندی، مقامی بھاؤ مستحکم

کراچی: یونائیٹڈ اسٹیٹس ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچر (یو ایس ڈی اے) کی جانب سے گزشتہ ہفتے کے دوران جاری ہونے والی رپورٹ جس میں 2013-14 کے دوران دنیا بھر میں روئی کی پیداوار میں پہلے تخمینوں کے مقابلے میں زیادہ اور کھپت کم ہونے بارے رپورٹ جاری کی گئی تھیں، کے باعث کپاس کی بین الاقوامی منڈی میں گزشتہ ہفتے کے دوران مندی کا رجحان غالب رہا۔ جبکہ پھٹی کی آمد میں غیر متوقع کمی اور روئی کے بڑے برآمدی آرڈرز کے باعث پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں خاصا استحکام دیکھا گیا۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے  بتایا کہ یو ایس ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2013-14 کے دوران دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار 118.02ملین بیلز (480پاؤنڈ) متوقع ہے جو کہ گزشتہ ماہ جاری ہونے والی رپورٹس سے 0.86ملین بیلز زیادہ ہیں جبکہ مذکورہ رپورٹ میں 2013-14 کے دوران دنیا بھرمیں روئی کی کھپت کا اندازہ 109.79ملین بیلز لگایا گیا ہے جو کہ پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 0.38ملین بیلز کم ہیں جبکہ مذکورہ رپورٹ پر میں روئی کی اینڈنگ اسٹاک کا اندازہ 94.39ملین بیلز لگایا گیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ریکارڈ 8.81ملین بیلز زیادہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ رپورٹس جاری ہونے کے بعد امریکہ،بھارت اور چائنہ میں روئی کی قیمتوں میں مندی کا رجحان شروع ہو گیا ہے جس کے باعث نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں ریکارڈ 2.12سینٹ فی پاؤنڈ جبکہ بھارت میں 163روپے فی کینڈی تک گر گئیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز میں چین کی جانب سے روئی خریداری آرڈرز جاری ہونے کی اطلاعات اور دنیا بھر میں کپاس کی پیدوار توقع سے کم ہونے کے باعث بیشتر کاٹن مارکیٹس میں تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا تھا کہ جس کے دوران نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں پچھلے سات ہفتوں کی بلند ترین سطح 87.30سینٹ فی پاؤنڈ تک پہنچ گئیں تھی تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ اگر رواں ہفتے کے دوران چین نے روئی خریداری کا مزید کوٹہ جاری کرنے کا اعلان کیا تو اس سے رواں ہفتے کے دوران دوبارہ تیزی کا رجحان سامنے آ سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.