پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے کا بم بھی گرا دیا۔پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 15 سے 20 فیصد تک کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا۔لاہور سے دوسرے شہریوں کے کرایوں میں 300 سے 400 روپے تک اضافہ کیا گیا، لاہور سے کراچی کا کرایہ 6600 سے بڑھ کر 7000 روپے ہوگیا، راولپنڈی کا کرایہ 2000 سے 2200 جبکہ پشاور کا 2500 سے 2750 روپے کر دیا گیا۔اسی طرح کوئٹہ کا کرایہ 4400 سے بڑھ کر 4650 روپے ہوگیا جبکہ مری کا کرایہ 2400 سے بڑھ کر 2650 روپے کر دیا گیا ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایے بڑھنے سے غریب آدمی کی کمر ٹوٹ گئی، پہلے پبلک ٹرانسپورٹ پر غریب آدمی غمی خوشی پر چلا جاتا تھا، اب پبلک ٹرانسپورٹ کا سفر بھی غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہوگیا۔دوسری جانب ٹرانسپورٹرز ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گاڑیوں کے دیگر سپیئر پارٹس بھی مہنگے ہو جاتے ہیں، کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے ورنہ گاڑیاں بند کرنا پڑ جائیں گی۔
تبصرے بند ہیں.