صنعتی فروغ کیلیے پالیسی کا اعلان جلد کیا جائیگا، وفاقی وزیر
اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مُرتضٰی جتوئی نے کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان میں بھاری صنعت پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی ملک میں صنعتوں کے فروغ کیلیے جلد نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کیا جائیگا۔ اس ضمن میں گزشتہ روز یہاں سے جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غُلام مُرتضٰی جتوئی نے یہاں ملاقات کیلیے آئے ہوئے پاکستان میں تعینات ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو جے مارٹن سراویا سے گفتگو کرتے ہوئے ارجنٹائن کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور کہا کہ ماضی میں پاکستان میں بھاری صنعت پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی اور اس شعبے میں پاکستان میں زیادہ سرمایہ کار موجود نہیں ہیں اس لیے ارجنٹائن کے سرمایہ کار دوسرے سرمایہ کاروں سے برتری لیتے ہوئے سرمایہ کاری میں پہل کریں اور اس سرمایہ کاری خلا سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، وزارت صنعت و پیداوار اپنے ماتحت چلنے والے انڈسٹریل زونز اور انڈسٹریل پارکس میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے بتایا کہ وزارت صنعت و پیداوار صنعتی پالیسی پر بھی دوبارہ کام کررہی ہے جسے جلد ہی منظوری کے بعد نافذ کر دیا جائے گا۔ صنعتی پالیسی میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے پر وسیع مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں گے اور موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملک کو سرمایہ کاروں کی جنت میں بدل دیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہ کہ پاکستان اور ارجنٹائن دنیا کے ایسے خطوں میں واقع ہیں جہاں ترقی کی رفتار بہت تیز ہے اور معاشی دنیا کی نظریں ان خطوں پر لگی ہوئی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت تجارت کا حجم 50 سے 60 ملین ڈالر ہے جسے بدرجہا فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ارجنٹائن کے سفیر نے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ چند سال پہلے پاکستان اور ارجنٹائن کے معاشی حالات میں خاصی مماثلت تھی۔ ارجنٹائن کی معاشی اصلاحات کی وجہ سے نقصان میں جانے والے بہت سے حکومتی ادارے اب منافع بخش ادارے بن چکے ہیں۔ پاکستان بھی ارجنٹائن کی مثال سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارجنٹائن پاکستان میں منہ کھر کی بیماری کی ویکسین کا پلانٹ بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے انہیں خوش آمدید کہا اور وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تبصرے بند ہیں.