امریکی ریاست ایریزونا میں لگی آگ بے قابو ہو گئی،19 فائر فائٹرز ہلاک

فونکس: امریکا کے جنگلات میں لگنے والے آگ بے قابو ہوگئی جس کے نتیجے میں اب تک 19 فائر فائیٹرز زندگی کی بازی ہار گئے ہیں لیکن آگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا سے 85 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مغرب میں جنگلات میں لگی آگ پھیلتی جارہی ہے، آگ کے باعث کئی فائر فائیٹرز زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق 200 سے زائد فائر فائٹرز امدادی کاموں میں مصروف ہیں تاہم امدادی کاموں کے دوران 19 کارکن ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 250 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، حکام نے متاثرہ علاقے قریب بسنے ولے 300 خاندانوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جنگلات میں لگنے والی آگ ایک ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل چکی ہے جب کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فیڈرل ایمرجنسی حکام اور دیگر امدادی ادارے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

تبصرے بند ہیں.