لکی سیمنٹ کوکانگو پلانٹ کیلیے ڈالر خریدنے سے روک دیا گیا

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ای سی سی کی منظوری کے باجود لکی سیمنٹ کو کانگو میں سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلیے اوپن مارکیٹ سے 40 ملین (4کروڑ) ڈالر خریدنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ حکومت کے آخری دور میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے لکی سیمنٹ کو کانگو میں سرمایہ کاروں کی اجازت دی تھی تاہم اس کیلیے درکار 40 ملین ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے حاصل کرنے کے بجائے اوپن مارکیٹ سے بندوبست کرنے کا کہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے لکی سیمنٹ کو اوپن مارکیٹ سے ڈالر نہ خریدنے کی اجازت نہ دینے کی وجوہ یہ بتائی ہیں کہ پاکستان میں ایسا کوئی قانون موجود نہیں ہے جس کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کمپنی کو بیرون ملک سرمایہ کاری کے لیے ڈالر اوپن مارکیٹ سے خریدے کے اجازت دے۔ذرائع کے مطابق اگر کسی پاکستانی کمپنی کو بیرون ملک سرمایہ کاری کے لیے ڈالر درکار ہوں تو اسے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کرنا ہوتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اب لکی سیمنٹ کو درکار ڈالر کی فراہمی کی منظوری دینے کے لیے دوبارہ سمری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوانے کی تجویز دی گئی ہے اور نئی حکومت کی قائم ہونے والی ای سی سی کے اجلاس میں اگر لکی سیمنٹ کو ڈالر کی فراہمی کی منظوری دی جاتی ہے تو اس صورت میں لکی سیمنٹ پلانٹ لگائے گی۔

تبصرے بند ہیں.