وزیراعظم نے بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس اور کوئٹہ تا ژوب شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔  اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرانے طریقے سے چلنے والا پاکستان کنگال ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم قرضوں پر یومیہ 6 ارب روپے سود دے رہے ہیں، پاکستان جس طرح چلایا جارہا تھا اس سے یہ تباہی کے راستے پر جارہا تھا، نئے پاکستان کی سوچ، تبدیلی کی سوچ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کا کیس اسپیشل کیس ہے، گزشتہ ادوار میں وزرائے اعظم نے بلوچستان کے مقابلے میں لندن کے زیادہ دورے کیے۔عمران خان نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کے وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ فوج کے ساتھ مل کر کینسر کا انسٹیٹیوٹ قائم کریں، کوئٹہ شہر کا ماسٹر پلان بنانا بہت ضروری ہے۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے طے کیا ہے کہ ہم نے الیکشن نہیں دیکھنے، ہم نے پاکستان کی ترقی دیکھنی ہے،بلوچستان میں جتنی صلاحیت ہے، کسی اور جگہ نہیں ہے۔وزیراعظم عمران خان کوئٹہ میں نسٹ یونیورسٹی کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے، انہیں کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں اور یکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کوئٹہ سے وفد کے ہمراہ آج سہہ پہر گوادر پہنچیں گے ،جہاں وہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، یہ ملک کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا جو چین کے اشتراک سے 3 سال میں مکمل ہو گا۔

وزیراعظم دو روزہ گوادر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت بھی کریں گے، جبکہ وہ گوادر کے سیاسی و قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو گوادر بندرگاہ، سی پیک، ریلوے ایم ون اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم آج ہی گوادر سے کراچی کے لیے روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم 2 روز میں کوئٹہ اور گوادر کے بعد کراچی، گھوٹکی اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.